پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری سے انتقام کی بو آ رہی ہے ، جنرل الیکشن سے قبل جعلی مینڈیٹ کی خاطر نواز شریف کو گرفتار کیا گیا جبکہ اب ضمنی الیکشن میں ایک بر پھر عوام رائے پر ڈاکہ ڈالنے کی غرض سے شہباز شریف کو پابند سلاسل کر دیا گیا ۔اپنے ایک بیان میں حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف پانامہ سکینڈل پر مقدمہ بنا کر اقامہ پر سزا دی گئی اور اب شہباز شریف کو صاف پانی کیس کی بجائے دیگر کیسوں میں الجھایا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کی گرفتاری پارلیمنٹ کی توہین ہے ، اے این پی احتساب کی مخالف نہیں تاہم احتساب سب کا بلا امتیاز ہو نا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ نیب اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے قانون کے مطابق کام کرے اور کسی سیاسی جماعت کا آلہ کار نہ بنے ،حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ جس طرح نواز شریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے اور گرفتاری کے بعد سرخرو ہو کر رہا ہوئے شہباز شریف بھی رہا ہو جائیں گے اور یہ دونوں رہنماؤں کے سیاسی مستقبل کیلئے نیک شگون ہوگا ، انہوں نے کہا کہ قوم حقیقت سے بے خبر نہیں اور عوام جانتے ہیں کون کس کے اشارے پر کیا کر رہا ہے