اسلام آباد:وزارت مذہبی امور نے حج پیکج پر دی گئی سبسڈی ختم کرنے پر غور شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں سرکاری کوٹے پر فریضہ حج کے اخاجات میں 50 ہزار روپے تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے سرکاری کوٹے پر فریضہ حج ادا کرنے والوں کے لئےفی عازم 40 ہزار روپے سبسڈی دی تھی لیکن اب وزارت مذہبی امور نے نئی حج پالیسی پر غور شروع کردیا ہے جس کے تحت آئندہ 5 سال کے لیے یکساں حج پالیسی بنائی جائے گی ، جس کے تحت سرکاری کوٹے پر جانے والے عازمین کو دی گئی سبسڈی ختم کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سبسڈی کے خاتمے اور ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث آئندہ برس حج اخراجات میں فی عازم 40 سے 50 ہزار روپے اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم حج پیکج پر سبسڈی کے حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔واضح رہے کہ رواں برس سرکاری پالیسی کے تحت حج اخراجات 2 لاکھ 70 ہزار سے 80 ہزار کے درمیان تھے تاہم قربانی کی رقم الگ ادا کرنا تھی۔