تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دشمن کی ’’دراندازی‘‘ کا مقابلہ کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ایرانی ٹی وی کے مطابق وہ شہری اور سائبر دفاع کے ذمے دار حکام کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ دشمن کی پیچیدہ کارروائیوں اور دراندازی سے ہمارے شہری دفاع کو سائنسی بنیاد پر اور بروقت کارروائی کے ذریعے نمٹنا چاہیے۔البتہ انھوں نے یا سرکاری ٹی وی نے ’’ دراندازی‘‘ کی اصطلاح کی وضاحت نہیں کی ہے۔دریں اثناء ایران کے محکمہ شہری دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ حال ہی میں سٹکس نیٹ وائرس کی ایک نئی قسم کو ناکارہ بنایا گیا ہے، یہ مختلف حصوں پر مشتمل تھا اور ہمارے سسٹمز میں دراندازی کی کوشش کرہا تھا لیکن انھوں نے اس کی مزید وضاحت نہیں کی ہے۔غلام رضا جلالی نے 19 اکتوبر کو کہا تھا کہ ایران انٹرنیٹ سے رابطے کو منقطع کرنے کے عمل سے گزر رہا ہے اور اس کے بجائے وہ امریکا کی نومبر کے اوائل میں دوبارہ پابندیاں کے نفاذ کے بعد اپنا ایک قومی نیٹ ورک شروع کرے گا۔مبصرین کا کہنا ہے کہ ایرانی رجیم اس طرح کے اقدامات کے ذریعے ابتر معاشی حالات کے خلاف شہریوں کے ممکنہ احتجاجی مظاہروں پر قابو پانا چاہتا ہے