نارووال:  وزیراعظم عمران خان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے  ضلع نارووال کے علاقے کرتارپور میں قائم گردوارا دربار صاحب کو بھارت کے شہر گورداس پور میں قائم ڈیرہ بابا نانک سے منسلک کرنے والی راہداری کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔کرتار پور اور بھارت کے درمیان دریا ئے راوی کو پار کرنے کیلئے پل تعمیر کیا جائے گا جس کی لمبائی تقریبا 8 سو میٹر ہو گی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کرتار پور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ کچھ ہی دیر میں راہداری کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی سمیت اہم رہنما بھی ان کے ہمراہ ہیں ۔ پاکستان کی جانب سے اس تقریب میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن انہوں نے دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ نہیں آسکیں گی لیکن بھارتی وزراءشریک ہوں گے ۔ ان کے علاوہ عمران خان کے دیرینہ دوست اور بھارتی صوبائی وزیر نوجوت سنگھ سدھو بھی تقریب میں شرکت کیلئے کرتار پور پہنچ گئے ہیں ۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دل جوڑنے والے کو خوشی اور توڑنے والے کو دکھ ملتا ہے ۔