سنچورین : باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے افتتاحی روز جنوبی افریقہ کیخلاف پاکستان کی پہلی وکٹ صرف 1 کے مجموعی سکور پر گر گئی ہے اور امام الحق بغیر کوئی سکور بنائے آؤٹ ہو گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سنچورین کرکٹ گراﺅنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا مگر چوتھے ہی اوور میں امام الحق کوئی سکور بنائے بغیر ہی کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ہیں۔ میچ کیلئے پاکستانی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں جبکہ حارث سہیل انجری کے باعث باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ شان مسعود کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں فخر زمان، امام الحق، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، سرفراز احمد، محمد عامر، یاسر شاہ، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت فاف ڈوپلیسی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم مارکرم، ڈین ایلگر، ہاشم آملہ، ڈی بروئین، باووما، کوینٹن ڈی کوک، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، ڈیل سٹین اور اولیور شامل ہیں۔