لندن: 2012ءمیں جینی پارک نامی برطانوی لڑکی اس وقت عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی جب اس نے محض 17سال کی عمر میں 10لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 17کروڑ 86لاکھ روپے) کی یورومیلینز (Euromillions)لاٹری جیتی اور کم عمر ترین یورومیلینز وِنر کا اعزاز اپنے نام کیا۔ تب سے جینی پارک کو شریک حیات کی تلاش میں شدید مشکل کا سامنا ہے۔ کئی مردوں سے اس نے رشتہ قائم کیا لیکن ہر ایک کے ساتھ چند دن یا چند ہفتے بعد ہی اس کا تعلق ختم ہو جاتا۔ اب اس نے ایک سہیلی کے مشورے پر ڈیٹنگ ایپلی کیشن ٹنڈر جوائن کی اور ایک صارف کو ایسی تضحیک کا نشانہ بنا ڈالا کہ پھر معافی مانگتے ہی بنی  جینی کو اس کی سہیلی جیلیان نے مشورہ دیا کہ وہ جیون ساتھی کی تلاش کے لیے ’ٹنڈر‘ جوائن کر لے۔ اس کے ایپلی کیشن جوائن کرنے پر جیلیان نے اسے ایک مرد کے ٹنڈر پروفائل کا لنک بھیجا جسے دیکھنے کے بعد جینی نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر لکھا کہ ”اس پروفائل سے زیادہ بری چیز میں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھی۔ مجھے ایسا لگ رہا ہے جیسے میری سہیلی نے مجھے دھوکا دیا۔“ اس ٹویٹ کے کچھ ہی دیر بعد اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا اوراس نے اس مرد سے معافی مانگتے ہوئے اگلی ٹویٹ میں لکھا کہ ”اگر آپ نے میری پہلی ٹویٹ دیکھ لی ہے تو میں آپ سے معافی مانگتی ہوں اور آپ کے پروفائل کو میں نے لائیک بھی کر دیا ہے۔ مجھے ایسی حرکت نہیں کرنی چاہیے تھی۔ رپورٹ کے مطابق 24سالہ جینی پارک نے جیون ساتھی کی تلاش کے لیے ایک ویب سائٹ Boyfriendvacancy.co.uk بھی بنا رکھی ہے جس پر اس کے ساتھ تعلق قائم کرنے کے خواہش مند مرد اس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ بنانے کے 24گھنٹے کے اندر 10ہزار سے زائد مردوں نے اس کے ذریعے جینی سے رابطہ کیا اور اب یہ تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے، لیکن جینی اب بھی سنگل ہے اور جیون ساتھی کی متلاشی ہے۔