مظفرآباد(صباح نیوز)وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ دارالحکومت مظفرآباد کی تعمیر ترقی اور دارالحکومت کو شایان شان بنانا میر ی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ آزادخطہ کی تعمیر ترقی او رخطہ کو غربت ، افلاس اور بے روزگاری سے پاک کرنے کے لیے سفارش اور رشوت کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق چیئرمین ضلع زکوة کونسل ریاض زرگر سے گفتگو کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ندیم زرگر، سابق ڈپٹی میئر افتخار احمد اعوان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ پر ملازمتیں دینے سے عام آدمی مستفید ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے انتخابات میں بڑی محنت کی ہے جس کی وجہ سے جماعت اقتدار میں آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں کارکنان کا عزت نفس مجروح نہیں ہونے دوں گا،بہت جلد بہت سارے آزادکشمیر کے جماعتی کارکنان سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ جماعتی کارکنان کے جائز مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت عوامی حکومت ہے اور عوام نے مسلم لیگ ن جو مینڈیٹ دیا ہے اپوزیشن اس کا احترام کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادخطہ میں ترقیاتی عمل جاری ہے اور مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے منشور پر عملدآمد کرائے گی۔

The post عوام نے ن لیگ کو مینڈیٹ دیا، اپوزیشن احترام کرے، راجہ فاروق حیدر appeared first on صباح نیوز.