ڈیرہ اسماعیل خان(امان اللہ بلوچ) / ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ جنرل الیکشن 2018ء کا پرامن انعقاد تمام اداروں کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں الیکشن 2018ء کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ تعلیم، پولیس، واپڈا، مواصلات، ایکسائز، ٹی ایم اے کے علاوہ الیکشن کیلئے مقرر کردہ مانیٹرنگ ٹیموں کے سربراہان و نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن 2018ء کے دوران ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں خصوصاً حساس پولنگ سٹیشنوں پر پی ٹی سی فنڈ ز کی مدد سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ ہر طرح کی حرکات و سکنات کی نگرانی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے علاوہ پینے کیلئے صاف پانی کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے سکولوں اور کالجز کے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپل صاحبان کو ہدایت کی کہ پولنگ سٹیشنوں پر موجود خامیوں کے ازالے کیلئے فوری طور پر انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ الیکشن کے دوران فول پروف سیکورٹی کیلئے پلان مرتب کیا جائے ۔ انہوں نے مانیٹرنگ ٹیموں کے سربراہان کو بھی ہدایت کی کہ تمام انتخابی امیدواروں کو الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ ضابطہ اخلاق کا پابند بنایا جائے۔مقرر کردہ سائز سے زائد بینرز ، جھنڈے ، ہورڈنگ بورڈز وغیرہ کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مانیٹرنگ ٹیمیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں قوائد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں۔انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ جن محکموں کو جو فرائض تقویض کیے گئے ہیں وہ 23جولائی 2018ء تک ہر صورت میں مکمل کر لیں، غفلت برتنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا بلکہ ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔