اسلام آباد :چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے مہمند اور بھاشا ڈیم تعمیر کرنے کیلئے عوام سے فنڈزدینے کی اپیل کی گئی جس کے بعد پاک فوج کے افسران نے دو جبکہ فوجیوں نے ایک روز کی تنخواہ اس قومی فریضے کی تکمیل کیلئے دینے کا اعلان کیا جس کے بعد واسا کے ملازمین کی جانب سے بھی ایسا ہی اعلان آیا تاہم اب آرمی چیف نے بھی زبردست اعلان کر کے قوم کے دل جیت لیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے جمع کروا دی ہے ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چیف جسٹس نے اس کارخیر کیلئے بارش کا پہلا قطرہ بنتے ہوئے رضاکارانہ طور پر اپنی جیب سے دس لاکھ روپے کا عطیہ دینے کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستانیوں نے بھی اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیاہے