16

ملک بھرمیں جشن عید میلادالنبی ﷺ عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

اسلام آباد (عباس ملک ) ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جب کہ پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارلحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں حضور نبی کریمﷺ سے محبت کا اظہار کیا جائے گا، عاشقان رسولﷺ اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام بھی خطاب کریں گے جن میں سیرت النبیﷺ بیان کی جائے گی۔ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔جشن عید میلاالنبیﷺ کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اور اس سے ملحقہ سرکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کی جائیں گے جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں