17

لاہور میں کورونا سنٹر قائم ،تمام وسائل بروئے کار لائیں گے:بزدار

لاہور: پنجاب حکومت نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ میں کورونا کیئر سنٹر قائم کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے اتوار کو تعطیل کے باوجود کورونا کیئر سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔کورونا کیئر سنٹر میں ممکنہ مریضوں کے علاج معالجے کیلئے کیے جانے والے پیشگی انتظامات کا معائنہ کیا۔ کورونا کیئر سنٹرمیں بیڈز کی دستیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا کے ممکنہ مریضوں کیلئے تمام ترضروری اقدامات کیے ہیں اورپی کے ایل آئی میں 30بستروں پر مشتمل کورونا کیئر سنٹرکا قیام پیشگی انتظامات کے سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کورونا کیئر سنٹرمیں آؤٹ ڈوراوران ڈورمریضوں کیلئے بہترین انتظامات کا مشاہدہ کیا جبکہ ممکنہ مریضوں کیلئے پی کے ایل آئی میں بھی تین فلورمختص کردیئے گئے ، پی کے ایل آئی کے تین فلورز پر بیڈزکی تعداد75ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی کے ایل آئی میں ضرورت پڑنے پر مزید500 بیڈز کی گنجائش موجود ہے ۔کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر بہترین حکمت عملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری ہیلتھ ایڈوائزری پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ۔وزیراعلیٰ کو کوروناکے ممکنہ مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولتوں اورعلاج معالجے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔عثمان بزدارنے ایک بیان میں کہا کہ دیگر صوبوں سے پنجاب آنے والے زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائیں اورمکمل دیکھ بھال کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی اورضلعی انتظامیہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ زائرین کی دیکھ بھال میں کوئی کسراٹھانہ رکھے ۔ کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے امورکی خود نگرانی کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزیدکہا کہ زائرین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں