بہاولپور:تخت لاہور سے نکال کر بہاولپور کو جنوبی پنجاب کے تختہ دار پہ نہ چڑھایا جائے۔ غیر جمہوری آرڈیننس کو منسوخ کر کے سول صدراتی آرڈیننس جاری کر کے صوبہ بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ تحریک بحالی صوبہ بہاولپور کے مرکزی صدر قاری مونس بلوچ نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ”کوئی سیاسی پھنے خاں“ بہاولپور کی صوبائی حیثیت کو مٹا نہیں سکتا بلکہ وہ خود عبر ت کا نشان بن کر مٹ جائے گا۔قاری مونس بلوچ نے کہا ہر دور کے حکمرانوں نے بہاولپور کے ساتھ سوتیلا رشتہ قائم کر کے بہاولپور کے نقدآور وسائل کو اپنے پیٹ کی دوزخ کو بھرنے کیلئے ایندھن بنا لیا۔ انہوں نے کہا”سیاسی ظالمان“ 51سال سے بہاولپور کا استحصال کر رہے ہیں۔ قاری مونس بلوچ نے کہا غصب شدہ صوبہ کیلئے جمہوریت کے دروازے بند ہیں لیکن سوا کروڑ عوام بیدار ہیں وہ کسی دوسرے صوبے کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اس موقع پر سردار احمد مجتبیٰ بلوچ، راؤ جاوید عثمانی، پیر بخش حاجانی، جمشید حاجانی، محمد افضل کھوسہ کے علاوہ افضل شکرانی اور دیگر بھی موجود تھے۔