ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنارناوت کا کہنا ہے کہ بالی ووڈ میں کچھ لوگ ان کے ناکام ہونے کا انتظارکررہے ہیں۔اداکارہ کنگنارناوت اپنے خیالات کا اظہارکرنے میں کبھی ہچکچاتی نہیں ہیں اورکسی کی بھی پرواہ کیے بغیر ہمیشہ وہی بات کہتی ہیں جو ان کے دل میں ہوتی ہے، ایسا ہی ایک بیان کنگنا نے حال ہی میں دیتے ہوئے کہا ہے لوگ ان کی ناکامی کا انتظارکررہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کنگنا رناوت ان دنوں اپنی فلم ’’منی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، وہ نہ صرف اس فلم میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں بلکہ انہوں نے فلم کی ہدایات بھی دی ہیں، تاہم کنگنا کے مطابق بالی ووڈ میں کچھ لوگ ان کی ہدایت کاری سے خوش نہیں ہیں اور ان کی ناکامی کا انتظار کررہے ہیں۔کنگنا نے اپنی بات کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شوبز میں بہت سے لوگ ہیں جو مجھ سے خوش نہیں ہیں اوراس بات کوثابت کرنے کے منتظرہیں کہ مجھ میں ہدایت کاری کی صلاحیت موجود نہیں، میری ناکامی ان کے لیے بہت معنی رکھتی ہے تاہم میں بالکل بھی ان کے جیسی نہیں ہوں اورنہ کسی کی ناکامی پرخوش ہوتی ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں اپنی زندگی میں جوکرنا چاہتی ہوں وہ کرتی ہوں۔واضح رہے کہ کنگنا رناوت گزشتہ دنوں اپنی فلم ’’منی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘‘ کے باعث تنازعات میں رہیں۔ انہوں نے راجپوتوں کی تنظیم کرنی سینا کے اپنی فلم پراعتراض اٹھانے پر انہیں تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔