موغا ديشو: امریکی فوج نے صومالیہ میں ایک فضائی حملے میں شدت پسند جماعت الشباب کے 13 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو کے نواحی علاقے میں شدت پسند جماعت الشباب کے ٹھکانوں پر امریکی فضائیہ نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جنگجو مارے گئے۔امریکی فضائیہ نے کہا ہے کہ کارروائی خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی جس کا مقصد صومالیہ کی جمہوری حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کرنا تھا۔رواں برس امریکی فضائیہ کا یہ دسواں حملہ تھا جن میں مجموعی طور پر 50 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے جب کہ گزشتہ برس 48 فضائی حملے ہوئے تھے جن میں الشباب کے 330 جنگجو مارے گئے تھے۔واضح رہے کہ صومالیہ میں شدت پسند جماعت الشباب حکومت کے خلاف مسلح جدوجہد کر رہی ہے جب کہ صومالیہ کی حکومت کی مدد کرنے کے لیے امریکی فوجی دستے کافی عرصے سے وہاں موجود ہیں